پی آئی اے کا سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن بڑھانے کا اعلان
ہفتہ 27 نومبر 2021 14:50
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
مسافروں کو یکم دسمبر 2021 سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہو گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سے براہ راست مسافروں کی مملکت میں داخلے کے اجازت کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن وسیع کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ابتدائی طور پر ہفتہ وار 35 پروازیں چلائی جائیں گی جس میں جدہ، ریاض، دمام اور القصيم کے لیے فضائی آپریشن شامل ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’یکم دسمبر سے پابندیوں میں نرمی کے اطلاق کے بعد آپریشن مزید وسیع کیا جائے گا۔ پروازوں میں اضافے کا فیصلہ طلب بڑھنے پر کیا جائے گا۔‘
پی آئی اے کے بیان کے مطابق یہ پروازیں’پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد کراچی لاہور، ملتان اور پشاور سے روانہ ہوں گی۔ کچھ کیٹیگریز میں قومی ایئرلائن کی کچھ پروازیں اس سے قبل بھی آپریٹ ہو رہی تھں۔‘
ترجمان کے مطابق یکم دسمبر سے روانہ ہونے والے مسافروں کو سعودی قوانین کے مطابق پانچ روز قرنطینہ کی شرط پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔
ادھر پاکستان سے براہ راست مسافروں کے داخلے کے اعلان کے بعد سعودی عرب کے لیے کرایوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ٹرویل ایجنٹ عامر مشتاق کے مطابق چار دسمبر کے لیے اگر پی آئی اے سے جدہ کی ٹکٹ بک کی جائے تو اس وقت کم سے کم قیمت ایک لاکھ ستر ہزار روپے آ رہی ہے جبکہ دیگر کیٹیگریز میں دو لاکھ چار ہزار روپے تک کا ٹکٹ مل رہا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت چھ مزید ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہو گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے خواہ انہوں نے اپنے ممالک میں کورونا ویکسین بھی لگوائی ہوـ
ٹریول ایجنٹس کے مطابق قرنطینہ پیکج 1500 ریال سے شروع ہوتا ہے اور اس میں پانچ دن کا ہوٹل میں قیام، کھانا، پی سی آر ٹیسٹ اور ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ سروس شامل ہے۔