مملکت میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 24 نئے کیسز
اتوار 28 نومبر 2021 17:29
چوبیس گھنٹے کے دوران 32 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں( فوٹو ٹوئٹر وزارت صحت)
سعودی عرب میں کورونا کے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اتوار 28 نومبر کو کورونا کے 50 سے کم نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
اتوار کو سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 24 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 32 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کےمزید ایک مریض چل بسا، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر آٹھ ہزار833 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز میں سے 48 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
اب تک پانچ لاکھ 49 ہزار695 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے پانچ لاکھ 38 ہزار856 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’اب تک چارکروڑ 72 لاکھ 71 ہزار289 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔‘