Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 خطے میں ایران کی عدم استحکام کی سرگرمیوں سے نمٹنے پر اتفاق

مختلف نوعیت کے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ ( فوٹو ایس پی اے)
فرانس کے صدرایمانوئل میکخواں کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور فرانس کے مابین مختلف نوعیت کے متعدد معاہدوں پردستخط کیے گئے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق فریقین نے اقتصادی شعبوں میں کئی معاہدوں پردستخط کیے ہیں۔ اس موقع پردونوں ممالک کے ممتاز تاجروں کے درمیان میں معاہدوں پراتفاق کیا گیا۔ 
فریقین نے ایرانی جوہری پروگرام  کی ترقی اور اس حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون اور شفافیت کے فقدان پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ 
 خطے میں ایران کی عدم استحکام کی سرگرمیوں سے نمٹنے اور انہیں روکنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا جن میں ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے مملکت پر حملے کیے جاتے ہیں۔
 فریقین نے یمن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کی بھرپورحمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی جن میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں سمیت خلیجی اقدام اور اس کے نفاذ کے طریقہ کار کی بنیاد پر یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک پہنچنا شامل تھا۔ 
فرانس نے سعودی عرب کی جانب سے پیش کیے جانے والے ’سلامتی منصوبے‘ کی بھی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی جو 22 مارچ 2021 کو پیش کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرونز اور میزائل حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی گئی۔
لبنان کے مسئلے پرفریقین نے لبنانی حکومت کی جانب سے جامع اصلاحات کی ضرورت پرزوردیا، خاص طورپر طائف معاہدے کی پاسداری جو لبنان کے قومی اتحاد و شہری امن و استحکام کےلیے ضروری ہے۔
لبنان کی سلامتی اور استحام کو برقرار رکھنے کے لیے لبنانی فوج کے کردار کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زوردیا گیا ہے۔ 
اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین نےعراق، شام اور لیبیا کے مسئلے کے ٹھوس حل کی تلاش پر زوردیا ہے۔
 فرانس کی جانب سے افغانستان میں انسانی مسئلے پر ’اوآئی سی‘ کی جانب سے وزرا کانفرنس کے انعقاد کے اقدام کو بھی سراہا گیا ہے۔

 

شیئر: