سعودی طلبہ کی مدد کےلیے امریکی مشن کے تحت ورچوئل ایونٹ
اقدام کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
امریکی مشن نے سعودی عرب میں وزارت تعلیم اور وزارت ثقافت کے سکالرشپ محکموں، رائل کمیشن فار العلا اور نیوم کے ساتھ شراکت میں ’کوئنسی سٹوڈنٹ موبلٹی انیشیٹو‘ کا اعلان کرنے کے لیے ورچوئل ایونٹ کا انعقاد کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیا انیشیٹو امریکی مشن کے پروگراموں کا ایک مجموعہ ہے جس کا مقصد تعلیم یافتہ اور متحرک سعودی نوجوان رہنماؤں کو امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
کوئنسی انیشیٹو کے چار پروگراموں میں سے ہر ایک مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو ’مختلف طریقے سے‘ سپورٹ کرتا ہے۔
’وژن 2030 جنریشن کے لیے بین الاقوامی تعلیم‘ کے موضوع پر بحث نے امریکی اور سعودی حکام کو اس بات پر آمادہ کیا کہ مملکت کے نئے سکالرشپ پروگرام وژن 2030 کی کس طرح سپورٹ کر رہے ہیں۔
مشن کے ڈپٹی چیف ڈینیسن آفٹ نے کہا کہ ’ہر سال دسیوں ہزار سعودی طلبہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ امریکی اعلیٰ تعلیم کا شعبہ عالمی معیار کی فیکلٹی، تحقیقی سہولتیں اور تمام شعبوں میں ڈگریاں فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ’کوئنسی سٹوڈنٹ موبلٹی انیشیٹو‘ کے ساتھ ہم امریکہ میں سعودی طلبہ کے لیے سٹیڈیز کو مزید قابل رسائی بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 200 سے زیادہ طلبہ نے امریکہ کی معروف یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے رواں برس یکم دسمبر کو تربیتی ورکشاپ میں حصہ لیا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ورکشاپ کا اہتمام کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبۃ) نے کیا تھا۔
یہ ورکشاپ التمیز کا حصہ تھا، ایک مربوط تربیتی پروگرام جو مملکت میں سیکنڈری سکول کے طلبہ کو امریکہ کی 30 اعلیٰ یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے تیار کرتا ہے۔
التمیز سیکنڈری سکول کے دوسرے سال کے دوسرے سمسٹر سے شروع ہو کر طالب علم کے یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے تک ایک سال تک جاری رہتا ہے۔
ورکشاپ میں ملک بھر سے 207 شرکا نے حصہ لیا جن میں 119 مرد اور 88 خواتین شامل تھیں۔