Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنید کی شادی اور مریم نواز کی تصاویر پھر وائرل

17 دسمبر کو اسلام آباد میں جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب منعقد کی جائے گی (فوٹو سوشل میڈیا)
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی بارات کے ساتھ شادی کی تقریبات کا سلسلہ آگے بڑھا تو سوشل ٹائم لائنز پر دلہا و دلہن کے ساتھ لیگی رہنما خود بھی مرکز نگاہ رہیں۔
پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کا تیارہ کردہ سبز رنگ کا لباس پہنے مریم نواز کی کچھ تصاویر ان کا میک اپ کرنے  والے سٹوڈیو کی جانب سے ریلیز کی گئیں، تو کچھ ہی دیر میں یہ سوشل میڈیا پر جاری گفتگو کا اہم موضوع بن گئیں۔
ٹرینڈز لسٹ میں ’جنید کی شادی‘ کے عنوان سے کی گئی ٹویٹس میں اگرچہ دلہا جنید صفدر اور دلہن عائشہ سیف کے ساتھ ساتھ شادی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات بھی زیربحث رہے لیکن مریم نواز کا تذکرہ دیگر پہلوؤں پر غالب رہا۔

کسی نے ان کے لباس کی تعریف کی، کوئی میک اپ کو سراہتا رہا، کہیں بیٹے اور بہو کے تقریبا ہم عمر دکھائی دینے کا تاثر موضوع بنا تو کوئی گزشتہ تقریبات میں ان کی گلوکاری کی مہارت سے متعلق یادیں تازہ کرتا رہا۔
کلاہ پہنے کیپٹن (ر) صفدر اور بیٹے جنید صفدر کے درمیان میں کھڑی مریم نواز کی تصاویر، بارات کے ساتھ ان کی ویڈیو نے ٹائم لائنز پر نمایاں جگہ حاصل کیے رکھی۔

مریم نواز، ان کے شوہر، بیٹے اور بہو کی تصاویر پر تبصرہ کرنے والے شائقین جہاں خوشی کے اس موقع سے محظوظ ہوتے رہے وہیں نئے جوڑے کی ازدواجی خوشیوں کے لیے دعاگو بھی رہے۔
’جنید کی شادی‘ کے ٹرینڈز میں گفتگو کرنے والے ٹویپس میں سے کچھ نے مریم نواز کی اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ لی گئی ایک تصویر شیئر کی تو ساتھ ہی ان سے درخواست کر ڈالی کہ ’میڈم ایک سیلفی میرے ساتھ بھی‘۔

جنید صفدر کی بارات کے موقع پر مدعو مہمانوں میں مسلم لیگ ن کی سابقہ اور موجودہ خواتین ارکان اسمبلی بھی نمایاں رہیں۔
بیٹے کی شادی کے لیے لاہور سے اسلام آباد پہنچنے والی مریم نواز اور شریف خاندان کے دیگر افراد کئی دنوں سے دارالحکومت میں مقیم ہیں، جہاں 17 دسمبر کو جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

شیئر: