فریقین نے اس بات پرزور دیا کہ اہم سمندری گزرگاہوں میں جہاز رانی محفوظ ہو(فوٹو، ٹوئٹر)
مصری، سعودی مشترکہ کمیشن نے خلیج عرب، آبنائے باب المندب اور بحرِ احمر میں جہاز رانی کی سلامتی کو لاحق خطرات لاحق کی مذمت کی ہے۔
فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مذکورہ تینوں اہم سمندری گزرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کی آزادی سب کا حق ہے۔
’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق سعودی ، مصری مشترکہ کمیشن نے جمعرات کو قاہرہ میں منعقدہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیےمیں کہا ہے کہ دونوں ملک مشترکہ عرب جدوجہد، خطے کے بحرانوں کے حل، عرب ممالک اور خطے کے امن و استحکام کی حمایت کو ضروری سمجھتے ہیں۔
کمیشن نے مشترکہ اعلامیہ میں تاکید کی کہ دونوں ملک خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ہدایات کی تعمیل میں دوطرفہ تعاون کو نکتہ عروج تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مصری دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مصری وفد کی قیادت وزیر خارجہ سامح شکری نے کی۔
اس سے قبل دونوں ملکوں کے معاون وزراخارجہ سمیت اعلیٰ عہدیداروں نے کئی میٹنگیز کیں جن میں باہمی دلچسپی کے سیاسی امور زیر بحث آئے۔
مصری سعودی عہدیداروں نے ہر سطح پر دونوں ملکوں کے منفرد تعلقات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فریقین کے درمیان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ صلاح و مشاورت سے یہ بات اجاگر ہوئی کہ خطے اور دنیا بھر کودرپیش بحرانوں اورمسائل کی بابت دونوں برادر ملکوں کا نکتہ نظر ایک جیسا ہے۔
فریقین نے دو طرفہ سٹراٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے اپنا روایتی موقف دہرایا۔