مساجد میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی
پابندی کا مقصد حفاظتی تدابیر پرعمل درآمد کو یقینی بنانا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ مساجد میں آنے والے کورونا ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں-
اخبار 24 کے مطابق وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
’وائرس کی نئی شکل اومی کورون کا خطرہ بھی ہے، ان حالات کے پیش نظرمساجد میں آنے والوں کو چاہیے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کے سلسلے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔‘
آل الشیخ نے مزید کہا کہ ’حفاظتی تدابیر کی پابندی کی بدولت لوگ وائرس کے خطرے سے محفوظ رہیں گے-‘
’اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے بعد ایس او پیز کی پابندی وائرس سے بچانے میں معاون ثابت ہوگی- سب لوگ فرض شناسی کا مظاہرہ کریں اور وطن عزیز کو وبا سے بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں-‘
واضح رہے کہ حرمین شریفین میں بھی نماز اور طواف کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل دآمد کو دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
چند ماہ قبل کیسز میں کمی کی وجہ سے حرمین شریفین خاص کرمسجدالحرام میں مکمل گنجائش کے مطابق لوگوں کو آنے کی اجازت دیتے ہوئے سماجی فاصلے کے اصول کو ختم کردیا گیا تھا۔