’اماراتی جہاز کا اغوا عالمی امن کو سبوتاژ کردے گی‘
’اماراتی جہاز کا اغوا عالمی امن کو سبوتاژ کردے گی‘
پیر 3 جنوری 2022 21:08
عرب پارلیمنٹ نے حوثیوں کے دہشت گردانہ اقدام کو بزدلانہ عمل قرار دیا(فوٹو،ٹوئٹر)
اماراتی جہاز ’روابی‘ کو ہائی جیک کرنے پر عرب اور مسلم دنیا نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے- اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘، عرب پارلیمنٹ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر اور یمن نے اماراتی جہاز کو اغوا کرنے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس جارحیت پر حوثیوں کے ساتھ لاپروائی برتی گئی تو یہ عالمی امن کو سبوتاژ کردے گی-
ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ نے حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اماراتی جہاز فورا چھوڑ دیا جائے-
او آئی سی نے جہاز ہائی جیک کرنے کے واقعے کو مجرمانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی آزادی اور جہاز رانی مخدوش ہوگی- اس قسم کی سرگرمیوں سے یمنی عوام انسانیت نواز امداد سے محروم ہوجائیں گے-
مصری دفتر خارجہ نے حوثیوں سے کہا ہے کہ وہ اماراتی جہاز فورا چھوڑ دیں- حوثیوں نے یمنی بندرگاہ الحدیدۃ کے سامنے سے گزرنے والے مال بردار اماراتی جہاز کو ہائی جیک کررکھا ہے-
مصری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کی دہشت گردی جہاز رانی کی آزادی اور بحراحمر کی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ اورعالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے-
عرب وزرائے داخلہ نے روابی جہاز ہائی جیک کرنے کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے- عرب وزرائے داخلہ کونسل جنرل سیکریٹریٹ نے جس کا ہیڈکوارٹر تیونس میں ہے کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہےکہ یہ مجرمانہ عمل اورجنگی جرم ہے- جہاز رانی اور بحراحمر کے جنوب اور آبنائے باب المندب میں عالمی تجارت اور جہاز رانی کی آزادی کو خطرات لاحق کرنا ہے-
عرب پارلیمنٹ نے بیان جاری کرکے حوثیوں کے اقدام کی مذمت کی- عرب پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ حوثیوں نے بحراحمر کے جنوب اور آبنائے باب المندب میں عالمی تجارت اور جہاز رانی کی آزادی کو مخدوش کردیا ہے- یہ بین الاقوامی قوانین و روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے- یہ دنیا کے انتہائی اہم علاقے میں جہاز رانی کی سلامتی کو پرخطر بنانے والی اہم تبدیلی ہے- اس سے عالمی تجارت اور معیشت بھی خطرے میں آجائے گی-
عرب پارلیمنٹ نے حوثیوں کے دہشت گردانہ اقدام کو بزدلانہ عمل قرار دیا اور توجہ دلائی کہ ان کے ہاتھ ہر روز برائی کی گند سے آلودہ ہورہے ہیں- حوثیوں کے اس اقدام کے خلاف لاپروائی برتنے سے عالمی امن و سکون غارت ہوجائے گا-
یمنی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس امرکا بھی اضافہ کیا کہ اماراتی سامان بردار جہاز جزیرہ سقطری سے جازان بندرگاہ سمندری مہم پر تھا اور اس پر جزیرے کے سعودی فیلڈ ہسپتال کو چلانے کے لیے درکار سازوسامان لدا ہوا تھا- جہاں ہسپتال کا کام مکمل ہوگیا تھا-
سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن اور دیگر مسلم ممالک نے بھی اماراتی جہاز ہائی جیک کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے اور حوثیوں کے اس اقدام کو عالمی تجارت اور جہاز رانی کی آزادی کے لیے پرخطر قرار دیا ہے-