ہم وطن کے سعودی قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد
جمعرات 6 جنوری 2022 19:00
ملزم کی اپیل رد ہونے پرعدالتی فیصلے پر جمعرات کوعمل درآمد کردیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
عسیر ریجن کے متعلقہ حکام نے ہموطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کو جمعرات کے روز ابہا میں موت کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی شہری فرحان بن مسعود بن درع القحطانی نے اپنے ہموطن ربیع بن حسین بن دھام القحطانی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا-
وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ واردات کے بعد مفرورملزم کو سیکیورٹی اہلکارجلد ہی گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزم کا چالان فوجداری عدالت میں پیش کیاگیا تھا-
فوجداری کی عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر فرحان القحطانی کو موت کی سزا سنادی- سزا کے خلاف ملزم کی جانب سے دائر اپیل خارج ہونے اور ایوان شاہی سے سزا پرعمل درآمد کے عدالتی فیصلے کی توثیق کے بعد جمعرات کے روزعمل درآمد کردیا گیا-