اساتذہ کی محنت،لگن اور بے لوث خدمات کو اسکول ا ور طلباء ہمیشہ یاد رکھیں گے،پرنسپل سید مسعود احمد
جدہ ( امین انصاری ) انٹرنیشنل انڈین اسکول (بوائز سیکشن) میں نویں تا بارہویں جماعت کے سبکدوش اساتذہ کےلئے ایک پُر وقار الوداعی تقریب کا اہتمام عمل میں آیاجس کی صدارت پرنسپل سید مسعو د احمد نے کی۔اعزازی مہمانوں کے طور پر وائس پرنسپل ڈاکٹر نجیب قیس عمار،ہیڈ مسٹریس محترمہ رفعت (سوم تا پنجم جماعت ) ،ہیڈ مسٹریس امتہ الرزاق شاداں(اول تا دوم جماعت ) منتظم محمد اکرم،کنٹرولر امتحانات سید عبدالحق نے شرکت کی جبکہ ہیڈ ماسٹر نویں تا بارہویں جماعت نوفل پالاکوٹ نے تقریب کی نگرانی کی۔ تقریب کا آغاز عبدالروف (استاد عربی) کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔نظامت کے فرائض فرحت اللہ خان (استاد ریاضی)نے دِلچسپ انداز میں انجام دیئے۔ استاد فضل الرحمن خان ( شعبہ کیمیائ) جو پچھلے 22برسوں سے اس اسکول میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،استاد غوث محی الدین (صدر شعبہ فزیکل ایجوکیشن) جنہوں نے پچھلے 19 برسوں سے اسکول میں اپنی خدمات انجام دی ہیں۔استاد محمد فہد (سی اے) جو مدرسہ ھذا کے فارغ التحصیل ہیں ،محترمہ الفیہ(سی اے) ،محترمہ فرزانہ (شعبہ کیمیائ) نور محمد (شعبہ کمپیوٹر) جو 37 برسوں سے اس اسکول سے منسلک ہیں سب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دورانِ ملازمت پیش آنے والی تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں کے خوشگوار واقعات کو یاد کرتے ہوئے اسکول کے تمام اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کا شکر ادا کیا۔ پرنسپل سید مسعود احمد نے ان تما م اساتذہ کا شکریہ ادا کیا ،جن کی انتھک کوششوں اور کاوشوں کی وجہ سے پچھلے کئی برسوں سے اسکول کے بورڈ امتحان دسویں اور بارہویں جماعت کے نتائج صد فی صد رہے۔ اور کہا کہ ان تمام اساتذہ کی محنت،لگن اور بے لوث خدمات کو اسکول ا ور طلباء ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سبکدوش ہونے والے تمام اساتذہ کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وائس پرنسپل، ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ نے بھی اپنے خیالات پیش کرکے انھیں خراج ِ تحسین پیش کیا۔آخر میں پرنسپل اسکول نے سبکدوش اساتذہ کو توصیفی اسناد اور تحائف پیش کئے ۔ شاہنواز(استاد بیالوجی) نے شکریہ ادا کیا۔ محمد ابراہیم (استاد ریاضی) اور موہن راج (استاد جیوگرافی) نے پُر تکلف ظہرانہ ترتیب دیا ، جس میں لذیذ حیدرآبادی بریانی سے مہمانوں کی تواضع کی گئی اس طرح یہ خوبصورت الوداعی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی