کویت میں سونے کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے چار افراد گرفتار
کویت میں سونے کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے چار افراد گرفتار
پیر 17 جنوری 2022 5:25
پولیس نے سی سی کیمرے کی وڈیو کے ذریعے انہیں گرفتار کیا- (فوٹو: المرصد)
کویت کے سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ ایک شاپنگ مال میں سونے کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا-
کویتی جریدے الرای اور سبق کے مطابق کویت کے علاقے الجھرہ میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا گیا- انہوں نے یہ واردات الجھرہ میں واقع ایک شاپنگ مال میں سونے کی دکان میں کی تھی-
سبق ویب سائٹ کے مطابق کویت کی سکیورٹی فورس نے واردات میں 4 افراد کو گرفتار کیا ہے ان کے حوالے سے اب تک یہ بتایا گیا ہے کہ تین نامعلوم شہریت کے حامل ہیں جبکہ ایک شامی تارک وطن ہے- پولیس نے سی سی کیمرے کی وڈیو کی مدد سے انہیں گرفتار کیا-
الرای کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں جس گاڑی کا استعمال کیا گیا تھا اسے بھی بازیاب کرلیا گیا ہے جبکہ چوری کیا جانے والا سونا بھی برآمد کرلیا گیا-
یاد رہے کہ اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج جو جاری ہوئی تھی اس کے مطابق ملزمان نے واردات کے وقت چہرے کو چھپا رکھا تھا مگر کویتی پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا- ان کے خلاف مزید کارروائی مکمل کی جاری ہے- کویت کی پولیس نے اس حوالے سے تفصیلی بیان جاری کیا ہے-