ٹک ٹاک پی ایس ایل 7 اور 8 کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا
ٹک ٹاک پی ایس ایل 7 اور 8 کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا
جمعہ 21 جنوری 2022 17:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹک ٹاک گزشتہ سیزن میں بھی پی ایس ایل کا پاٹنر رہ چکا ہے (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
مختصر ویڈیو شیئرنگ کے عالمی پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں اور آٹھویں ایڈیشن کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بنا لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اس شراکت داری کے تحت آئندہ دو ایڈیشنز تک پی ایس ایل کے شائقین ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا کنٹنٹ تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔
27 جنوری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل سیون میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق شراکت داری کے اس معاہدے کے تحت پی ایس ایل ٹک ٹاک کے ساتھ مل کر کنٹنٹ تیار کرے گا اورکرکٹ فینزہیش ٹیگ #KhelegaPakistan کا استعمال کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر ٹورنامنٹ کے مختلف مناظر سے محظوظ ہوں گے، اس مواد کو دنیا بھر میں موجود ایک ارب سے زائد صارفین دیکھ سکیں گے۔
کرکٹ فینز ٹک ٹاک ایپ پر پری اور پوسٹ میچ کنٹنٹ کے علاوہ میچ کی جھلکیاں بھی دیکھ سکیں گے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت داری کا کامیاب معاہدہ کیا تھا جس کے تحت تیارکردہ مواد کو ڈیڑھ ارب مرتبہ دیکھا گیا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انہیں ٹک ٹاک کے پاکستان سپر لیگ 7 او ر8 کے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ شائقینِ کرکٹ کو معیاری کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھرپور تفریح بھی فراہم کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میڈیا، سپانسرشپ اور براڈ کاسٹ رائٹس کی فروخت میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل کے آئندہ دو ایڈیشنز کے لیے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک اب اپنے صارفین کے لیے خصوصی طور پر اس ایونٹ سے متعلق مختلف ویڈیوز نشر کرے گا۔ ایپ استعمال کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خصوصی فیچرز اور فلٹرز بھی متعارف کروائیں گے۔