صحتی ایپ پر ویکسینیشن سینٹر کے بجائے گھر کی لوکیشن، لوگوں کا تانتا
وزارت کے ترجمان نے سعودی شہری کو ٹیلی فون کرکے معذرت کی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے سعودی شہری کے گھر کو غلطی سے ’صحتی ایپ‘ پر ویکسینیشن سینٹر کی لوکیشن ظاہر کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اس غلطی پر سعودی شہری کو ٹیلی فون کرکے معذرت کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق متاثرہ شہری عباللہ العبید نے نجی ٹی وی ’الرسالہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’وزارت کی ایپ پر دی گئی لوکیشن اس کے گھر کی ظاہر کی گئی تھی جبکہ ویکسینیشن سینٹر گھر کے قریب تھا۔ بے شمار افراد روزانہ کی بنیاد پر وہاں آتے رہے‘۔
سعودی شہری نے بتایا کہ ’صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا۔ ایک دن لوگوں سے بھری ہوئی پوری بس آ کھڑی ہوئی اور لوگ بس سے اتر کر گھر میں داخل ہونے لگے جنہیں بڑی مشکل سے سمجھایا کہ یہ گھر ہے جبکہ ویکسینیشن سینٹر دوسری گلی میں بائیں جانب ہے‘۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ ’اس غلطی سے گھر والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آنے والوں کی بڑی تعداد یومیہ بنیاد پر پہنچتی تھی جنہیں درست مقام کی نشاندہی کرنے کےلیے گھرکے باہر کرسی رکھ کر بیٹھ جاتا اور آنے والوں کو سینٹر کی رہنمائی کرتا تھا‘۔
شہری نے مزید بتایا کہ ’بعض ایسے افراد بھی آتے تھے جو گھنٹی بجانے پردروازہ نہ کھولے جانے کی صورت میں پاوں مار کردروازہ کھولنے کی کوشش کرتے اور ان کا اصرار ہوتا تھا کہ وہ ویکسین لگانے کے لیے اندر جانا چاہتے ہیں‘۔
عبداللہ العبید نے بتایا کہ ’ایک روز ایک شخص کسی طرح گھر کے اندر داخل ہوگیا اورہ اپنا بازو دکھا کر یہ پوچھنے کی کوشش کرتا رہا کہ ویکسین لگانے کےلیے کس کمرے میں جانا ہوگا‘۔
سعودی شہری نے بتایا کہ’ وزارت صحت کی جانب سے ایک شخص نے بھائی سے میرا ٹیلی فون نمبر حاصل کیا جس کے بعد ترجمان صحت ڈاکٹر عبدالعالی نے مجھے ٹیلی فون کر کے اس غلطی کی معذرت کی‘۔