اجمل پہاڑی کتنی بار گرفتار اور کتنی بار رہا ہوئے؟
اتوار 6 فروری 2022 14:17
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پولیس نے اجمل پہاڑی کو قتل کے چار مقدمات سمیت 12 کیسز میں پھر گرفتار کیا تھا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی پھیلانے کے سنگین جرائم کے مقدمات کا سامنا کرنے والے محمد اجمل عرف اجمل پہاڑی کو سکھر جیل سے رہا کردیا گیا۔
محمد اجمل ولد منظور حسین صدیقی کی ضمانت 2019 میں منظور کی گئی تھی تاہم نقضِ امن کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے انہیں اپنی حراست میں رکھا تھا۔
کراچی میں ہونے والے تین بڑے آپریشنز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ نکلنے والے اجمل پہاڑی اس سے قبل 2005 میں بھی رہا ہوئے تھے جبکہ 2010 میں انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اجمل پہاڑی چار مقدمات میں ضمانت پر ہیں جبکہ دیگر مقدمات میں عدم شواہد کی بنیاد پر انہیں بری کیا جاچکا ہے۔
اجمل کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 7 سے ہے۔ انہوں نے اسی کی دہائی میں اپنے علاقے سے ہی ایم کیو ایم میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا اور اورنگی ٹاؤن میں واقع پہاڑیوں کی مناسبت سے ان کی عرفیت ’پہاڑی‘ پڑی۔
سپریم کورٹ میں امن و امان کیس میں اجمل پہاڑی کا نام ایک بار پھر سامنے آیا۔ جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے اور 2010 میں رینجرز نے 15 افراد کے قتل کے الزام میں اجمل کو گرفتار کیا۔
پولیس نے اجمل پہاڑی کو قتل کے چار مقدمات سمیت 12 کیسز میں پھر گرفتار کیا تھا۔
سنہ 2019 فروری میں اجمل پہاڑی کو کراچی سے سکھر سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا۔
اجمل پہاڑی کی رہائی پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت دیگر ایم کیو ایم کے دھڑے موقف دینے سے گزیر کر رہے ہیں۔