Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور عمان میں پاکستانی سفیروں کا تبادلہ

نئے سفیر خرم راٹھور اگلے ہفتے سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ (فوٹو: پاکستانی سفارتخانہ)
پاکستان نے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سفیروں کی تقرریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے میں سعودی عرب اور عمان میں سفیروں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔  
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر، جنہیں گذشتہ سال ہی تعینات کیا گیا تھا، کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ سعودی عرب کے لیے نئے سفیر امیر خرم راٹھور کو اگلے ہفتے سعودی عرب پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
نئے سفیر اگلے ہفتے سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 
اس سلسلے میں سعودی عرب کے لیے نامزد سفیر خرم راٹھور نے پاکستان میں رسمی ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے ان ملاقاتوں کا آغاز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے ساتھ کیا۔  
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں بطور سفیر نامزدگی پر خرم راٹھور کو مبارک باد دی اور کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور سفیر تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔‘ 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہمارے سفرا کو اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔‘  
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھجوا کر ملک کے معاشی استحکام کے لیےاپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘  

وزیر خارجہ نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح پاکستانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس موقع پر سعودی عرب کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔  
خیال رہے کہ خرم راٹھور اس سے قبل کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر تعینات کیے گئے تھے لیکن ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد انہیں سعودی عرب میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واپس بلا لیا گیا تھا۔
وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب میں انہیں کینیڈا سے سعودی عرب بلا کر نئی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔  
خرم راٹھور اس سے قبل جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی رہ چکے ہیں۔ کمیونٹی مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے کی وجہ سے ان کو بیرون ملک مقیم پاکستانی بہت پسند کرتے ہیں اور ان کی اسی خوبی کی بنیاد پر سعودی عرب میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  
دوسری جانب عمان ایسا ملک ہے جہاں پاکستانی ورکرز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ وہاں پر بھی کمیونٹی کو مسائل کا سامنا تھا جس کے بعد پاکستان کی حکومت نے بارسلونا میں تعینات قونصل جنرل عمران چوہدری کو عمان میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا ہے۔  
عمران چوہدری نے گذشتہ ہفتے عمان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ 
سپین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مطابق عمران چوہدری نے بطور قونصل جنرل اپنے فرائض مثالی طریقے سے ادا کیے۔
انہوں نے اپنا موبائل نمبر اور واٹس ایپ نمبر پاکستانی کمیونٹی کے ہر فرد کو دے رکھا تھا۔ اگر وہ کسی مصروفیت کی وجہ سے فون نہیں اٹھاتے تھے تو فون کرنے والے کہ یہ میسیج موصول ہوتا تھا کہ اگر کسی ایمرجنسی کی وجہ سے کال کر رہے ہیں تو اس کی نوعیت میسیج کر دیں۔  
ان کا رویہ ان کی وجہ شہرت بھی ہے۔ وہ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں اور اس میں جتے رہتے ہیں۔  
متحدہ عرب امارات میں بھی چند ماہ قبل ہی سفیر کا تبادلہ کیا گیا تھا، جبکہ جدہ میں قونصل جنرل کے جلد تبادلے کا بھی امکان ہے۔  

شیئر: