ترک صدر اردوغان کی دو روزہ دورۂ امارات کے بعد واپسی
ترک صدر اردوغان کی دو روزہ دورۂ امارات کے بعد واپسی
بدھ 16 فروری 2022 14:23
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی متعدد پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فوٹو عرب نیوز
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صدارتی ٹرمینل پر ترکی کے صدر کو نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید النہیان سمیت متعدد دیگر حکام نے رخصت کیا۔
صدر طیب رجب کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران سیکیورٹی، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے حوالے سے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت پہنچنے پر ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان نے ان کا استقبال کیا۔
ترک صدر کا دورہ 2013 کے بعد امارات کے لیے یہ پہلا دورہ تھا، دونوں ممالک علاقائی تنازعات سے منسلک بحرانوں سے گزرے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے ترکی کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک نے کئی معاہدوں پر دستخط بھی کئے تھے۔
اپنے حالیہ دورے کے دوران ترک صدر نے کہا ہے کہ ان کے دورے کا مقصد یو اے ای کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور پانی اور خوراک کی حفاظت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ترک صدر کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی متعدد پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں سلامتی اور امن و استحکام بڑھانے کے مقصد سے پرامن حل کی حمایت کی اہمیت پر اتفاق کرتے ہیں۔