Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی، ووٹ کے حق سے تارکین وطن پالیسی سازی میں شامل ہوں گے: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک میں رہنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار ملنے سے پالیسی سازی میں ان کی آواز کو تقویت ملے گی۔
جمعرات کو دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اوورسیز کمیونٹی کو وزارتِ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملانا ہو گا۔
’ہمارے سفارت کاروں کو اقتصادی سفارت کاری کی ذمہ داری سنبھالنا ہو گی۔ اقتصادی سفارت کاری محض درآمدات، برآمدات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع تصور ہے۔ ہم نے سفراء کی کارکردگی جانچنے کے پیمانوں میں اسے شامل کر دیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بھرپور خیال رکھا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عرب امارات کے دورے کا مقصد اماراتی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور ایکسپو 2020 کا وزٹ تھا۔
پچھلے دنوں متحدہ عرب امارات کی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی اور اس واقعے میں کچھ اموات بھی ہوئیں۔ میں نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کو بذریعہ فون اس واقعہ کی بھرپور مذمت کی، اور پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی کیا۔‘
وزیر خارجہ نے خطاب میں ملک کی خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جغرافیائی پوزیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو اقتصادی مرکز بنائیں، اسی لیے جغرافیائی اقتصادی پر توجہ مرکوز کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پالیسی کا محور بھی معاشی استحکام ہی ہے۔ 
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ’متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ بدقسمتی سے ماضی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکے۔ ہماری حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود کو اپنی ترجیح سمجھا ہے۔‘
انہوں نے میں کورونا کی علامی وبا کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود گذشتہ برس ریکارڈ ترسیل زر پاکستان بھجوائیں۔ 

شیئر: