Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاون خصوصی کا دورہ، ’پاکستان سے مزید افراد سعودی عرب بھیجنے پر بات ہوگی‘

معاون خصوصی کمیونٹی کی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے (فوٹو ٹوئٹر)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سینیٹر ایوب آفریدی اپنے پہلے غیر ملکی دورہ پر جمعے کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں تین دن قیام کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے۔  
وزارت اوورسیز کے حکام کے مطابق سینیٹر ایوب آفریدی سعودی عرب کے دورہ کے دوران سعودی وزارت محنت کے حکام، مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان سے مزید افراد کی سعودی عرب روانگی، نئے ویزوں کے اجرا اور ورکرز کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔  
معاون خصوصی برائے اوورسیز کو سعودی لیبر قوانین میں ہونے والی تبدیلیوں، لیبر مارکیٹ کی صورت حال اور پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے میں ورکرز کے لیے فراہم کی گئی سہولیات بارے بریفنگ بھی دی جائے گی۔  
پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتوں میں وہ ان کو درپیش مسائل، موجودہ حکومت کے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیے گئے اقدامات پر بات چیت ہوگی اور ان اقدامات کے بارے میں اوورسیز پاکستانیوں کا ردعمل بھی معلوم کیا جائے گا۔  
خیال رہے کہ سعودی عرب میں 26 لاکھ سے پاکستانی مقیم ہیں اور ہر سال پاکستان سے لاکھوں کے حساب سے نئے ورکرز بھی سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ کورونا وبا میں پابندیوں کے باوجود گزشتہ دو برس میں تین لاکھ سے زائد جبکہ تین برس میں چھ لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب گئے ہیں۔  
ترسیلات زر کے معاملے میں بھی سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے آگے ہیں۔
دورہ سعودی عرب سے واپسی پر معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے جہاں وہ اماراتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری کے اقدامات سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوگی۔  
معاون خصوصی کمیونٹی کی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔
 

شیئر: