Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ کیوں مارا؟

حارث رؤف اور کامران غلام کے معاملے پر ٹویپس نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا (فوٹو: لاہور قلندرز)
پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران مخالف کھلاڑی کی وکٹ لینے پر سیلیبریشن کے دوران حارث رؤف نے کامران غلام کو کسی بات پر ردعمل دیا تو مختلف افراد نے دعوی کیا کہ انہوں نے ساتھی کھلاڑی کو تھپڑ مارا ہے۔
لاہور قلندرز کے بولر حارث رؤف کی جانب سے ساتھی کھلاڑی کے خلاف دیے گئے ردعمل سے آگاہ ہونے والوں نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
حارث رؤف اور کامران غلام کے دوران یہ معاملہ اس وقت پیش آیا جب زلمی کی اننگز کا دوسرا اوور چل رہا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں واضح ہے کہ حارث رؤف سٹرائکر اینڈ پر موجود اپنے ہم نام محمد حارث کو گیند کراتے ہیں۔ وہ شاٹ کھیلتے اور باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہو جاتے ہیں۔
وکٹ ملنے پر لاہور قلندرز کے کھلاڑی ایک جگہ جمع ہوتے ہیں تو داد وصول کرتے حارث رؤف سامنے موجود غلام اعظم کی جانب بظاہر غصہ بھرے انداز میں متوجہ ہوتے ہیں۔
اگرچہ شیئرکردہ ویڈیو میں صورتحال بالکل واضح نہیں تاہم اس پر تبصرہ کرنے والے متعدد افراد نے دعوی کیا کہ حارث رؤف نے کامران غلام کو تھپڑ مارا ہے۔
ویڈیو میں واضح ہے کہ حارث رؤف کے ردعمل کے بعد ان کے چہرے پر تو غصہ و جھنجھلاہٹ نمایاں ہے جب کہ کامران غلام جواب میں ہنس رہے ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بدمزگی کی نشاندہی کرنے والے افراد سے پوچھا گیا کہ ایسا کیوں ہوا ہے تو کئی افراد نے موقف اپنایا کہ کامران غلام نے حارث رؤف کی گیند پر کیچ چھوڑا تھا، وہ اسی بات پر غصہ میں تھے جس کے ردعمل میں انہوں نے تھپڑ مارا۔
متعدد صارفین نے اپنے تبصرے میں امید ظاہر کی کہ حارث رؤف ساتھی کھلاڑی کے ساتھ ویڈیو بنا کر کہیں گے کہ ان دونوں کے درمیان کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کی ایک الگ تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویپ نے لکھا کہ ’غلطی ہونے کے بعد آپ معافی مانگتے ہیں۔ امید ہے حارث رؤف اس طرح کی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔‘
پی ایس ایل کے ابتدائی مرحلے کا میچ کھیلنے والی پشاور زلمی اور لاہور قلندرز دونوں فائنل فور سٹیج کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

شیئر: