Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط ’ہروب‘ فائل ہونے پر اپیل کہاں اور کیسے دائر کریں؟

بعض غیر ملکی کارکن اپنے کفیل کے پاس کام نہیں کرتے جو کہ وزارت افرادی قوت کے قوانین کے تحت غیرقانونی عمل ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
  سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے قوانین کے تحت مملکت میں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے سپانسر کے ساتھ کام کریں۔ 
ایسے افراد جو سپانسر کے پاس کام نہیں کرتے۔ ان کا عمل غیر قانونی شمار ہوتا ہے جس کی سزا مقرر ہے۔
قانون کے مطابق سپانسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کارکن کا اقامہ سالانہ بنیاد پرتجدید کرائے۔ علاوہ ازیں کارکنوں کے قیام وطعام  اور میڈیکل انشورنس کی ذمہ داری بھی آجر پرعائد ہوتی ہے۔ 
ایک شخص نے دریافت کیا ’ اس کے بھائی کا کفیل نے ہروب لگا دیا،اب فون بھی اٹینڈ نہیں کررہا کیا کریں؟‘ 
سعودی وزارت محنت کے قانون میں ’ہروب‘ فائل ہونا سنگین جرم مانا جاتا ہے۔ ہروب کا مطلب ہے کارکن کا اپنے سپانسر کے پاس سے فرارہونا اورکسی دوسری جگہ غیرقانونی طورپرملازمت کرنا ہے۔ 
جس شخص کے خلاف ہروب فائل کیا جاتا ہے اسے چاہیے کہ وہ 15 دن کے اندر ہروب کو کینسل کرائے جس کے لیے کفیل یا اس کے مقرر کردہ نمائندے سے رابطہ کرکے معاملے کو ختم کرایا جائے۔ 
ہروب فائل ہونے کے دوہفتے بعد اسے کینسل کرانا دشوار ہوجاتا ہے جبکہ دوہفتے کے اندر اندر ہروب کو باسانی کینسل کرایا جاسکتا ہے جس کی تمام کارروائی سپانسر کے ابشر یا مقیم پورٹل سے کی جاسکتی ہے۔ 
مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد جوازات اور لیبرآفیس میں جس شخص کے خلاف ہروب فائل ہوتا ہے اس کی فائل سیز کردی جاتی ہے جس سے تمام سرکاری معاملات رک جاتے ہیں۔ ایسے غیرملکی کارکن کا اقامہ سیز ہوجاتا ہے جبکہ بینک اکاونٹ بھی بند ہوجاتا ہے۔ 
کارکن کے خلاف ہروب اس وقت فائل کیا جاتا ہے جب وہ اپنے سپانسر کے پاس سے فرار ہوجائے۔ بعض حالات میں سپانسر غلط ہروب فائل کرتے ہیں جس کے لیے لیبر آفس میں اپیل دائرکی جاسکتی ہے۔

غلط ہروب کے خلاف اپیل دائرکرنے کے لیے سفارتخانے کے شعبہ ویلفیئرسے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

لیبر آفس کے علاوہ عدالتی سسٹم میں ’دیوان المظالم‘ کا ادارہ موجود ہے جہاں غلط ہروب کے خلاف اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔ غلط ہروب فائل کیے جانے کے خلاف دائر کی جانے والی اپیل میں مدعی کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ اسکے خلاف ہروب غلط لگایا گیا ہے جس کےلیے اسے یومیہ حاضری رجسٹر(اگر موجود ہو) کے علاوہ تنخواہوں کی ادائیگی کا ثبوت ودیگر ایسے شواہد جن سے ثابت ہوسکے کہ کارکن اپنی ذمہ داری پرموجود تھا اور اس کا ہروب غلط فائل کیا گیا ہے۔ 
دیوان المظالم میں اگر یہ ثابت ہوجائے کہ ہروب غلط فائل کیا گیا ہے تو عدالت کی جانب سے فوری طورپر لیبر آفیس کو ہروب کینسل کرنے کا حکم صادر کیا جاتا ہے۔ 
عدالتی حکم صادر ہونے کے بعد وزارت افرادی قوت کے ذیلی ادارے کی جانب سے ہروب کینسل کرتے ہوئے جوازات کواقامہ بحال کرنے کی کمانڈ جاری کی جاتی ہے۔ 
خیال رہے کہ بعض غیر ملکی کارکن اپنے کفیل کے پاس کام نہیں کرتے جو کہ وزارت افرادی قوت کے قوانین کے تحت غیرقانونی عمل ہے اس لیے ان امور کا خیال رکھا جائے کہ کسی بھی طرح سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں تاکہ مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
یاد رہے امیگریشن کے نئے قانون کے تحت ایسے کارکنان جنہیں ہروب یا دیگر الزامات کے تحت مملکت سے ڈی پورٹ کیاجاتا ہے انہیں تاحیات مملکت کےلیے بلیک لسٹ کردیاجاتا ہے ایسے افراد سعودی عرب صرف حج یا عمرہ ویزے پرہی مملکت آسکتے ہیں اس کے علاوہ کسی ورک ویزے پرتاحیات مملکت نہیں آسکتے۔ 
غلط ہروب کے خلاف ’دیوان المظالم ‘ میں اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔ 

شیئر: