اجتماعی جھگڑا قابل سزا جرم، 6 ماہ تک قید
جمعرات 24 فروری 2022 20:50
قانون کے بموجب اجتماعی جھگڑا سنگین جرائم میں شامل ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت کے ماہر قانون عاصم الملا نے کہا ہے کہ اجتماعی جھگڑا اور مارپیٹ قابل سزا جرم ہے۔ 3 سے چھ ماہ تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
عربی روز نامہ ’الوطن‘ کے مطابق ماہرقانون عاصم الملا نے مزید کہا کہ اجتماعی جھگڑے کے علاوہ قانون ہاتھ میں لینے کی اضافی سزا ایک ماہ سے لیکر ایک برس تک قید ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعی جھگڑا کرنے والوں پر اسلحہ کی نمائش اور اسکے استعمال کی سزا بھی لاگو کی جاسکتی ہے۔ قانون کے مطابق اجتماعی جھگڑے کے دوران اسلحہ استعمال کرنے پر 10 برس قید کی سزا ہے۔
الملا نے مزید کہا کہ اجتماعی جھگڑے میں کسی فریق نے دوسرے کوکسی بھی نوعیت کا نقصان پہنچایا ہو تو اس صورت میں فیصلہ مقدمے کی کاروائی کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پبلک پراسیکیوشن کے عہدے دار نے کہا ہے کہ فوجداری قانون کی دفعہ 15 اور17 کے بموجب اجتماعی مارپیٹ میں شریک افراد کی گرفتاری ضروری ہے۔ سعودی قانون کے بموجب اجتماعی جھگڑا سنگین جرائم میں شامل ہے۔