یوکرین سے سعودی شہریوں کو نکالنے کی کوششیں تیز
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ کی ہدایت پر مشن چلایا جارہا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
یوکرین میں سعودی سفارتخانے نے سعودی شہریوں کو نکالنےکی تازہ صورتحال اور زیرحراست سعودی شہری کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ’یوکرین سے سعودی شہریوں کو بحفاظت نکالنےکے لیےکوشاں ہیں۔ اس حوالے سے کوششیں تیز کردی ہیں۔ وزیرخارجہ کی ہدایت پر یہ مشن چلایا جارہا ہے‘۔
سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ’ایک ماہ قبل سو سے زیادہ سعودیوں کو یوکرین سے وطن پہنچایا ہے۔علاوہ ازیں متعدد سعودی شہری یوکرین کے پڑوسی ممالک ہوتے ہوئے بری راستے سے وطن واپس ہوئے ہیں‘۔
سعودی سفارتخانے نے بتایا کہ’ یوکرین میں باقی ماندہ سعودی شہریوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں‘۔ شورش زدہ علاقوں سے پڑوسی ممالک محفوظ گزرگاہوں کے ذریعے سفرکرانے کے لیے یوکرینی حکام سے یکجہتی پیدا کی جارہی ہے۔ یوکرین کے پڑوسی ملکوں میں سعودی سفارتی مشن بھی اس سلسلے میں اپنا کردارادا کررہے ہیں۔
سعودی سفارتخانے نے بتایا کہ ’ بدامنی کے کیس میں زیر حراست سعودی شہری کا مسئلہ حل کرانے کے لیے یوکرینی حکام کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔ سعودی شہری کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب طریقہ اپنایا جارہا ہے‘۔