امارات میں غیرملکیوں کے لیے نئے سفری ضوابط پر عمل درآمد شروع
امارات میں بند مقامات پر ماسک پہننا ضروری ہوگا۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے غیرملکیوں کے لیے نئے سفری ضوابط پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ نئے ضوابط امارات آنے والے مسافروں پر ایئرپورٹ پر نافذ کیے جارہے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق نئے ضوابط کا تعلق ویکسین شدہ افراد کے زمرے سے ہے۔ انہیں کیو آرکوڈ پر مشتمل ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔ اس زمرے میں آنے والوں سے ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں سے پی سی آر ٹیسٹ نیگیٹو رپورٹ طلب کی جائے گی اس کے لیے ضروری ہے کہ ٹیسٹ کا نمونہ امارات پہنچنے سے 48 گھنٹے قبل کا ہو۔ اس زمرے میں شامل افراد سے کیو آر کوڈ پر مشتمل کورونا سے صحت یابی کی رپورٹ پر بھی اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے شرط یہ ہوگی کہ یہ رپورٹ امارات آنے سے پہلے ایک ماہ کے اندر جاری ہوئی ہو۔ یہ رپورٹ اس صورت میں موثر ہوگی جب امارات آنے والا کورونا میں مبتلا ہوچکا ہو اور اس سے صحت یاب ہوچکا ہو۔
متحدہ عرب امارات کے متعلقہ ادارے نے کورونا ایس او پیز سے متعلق کئی تبدیلیاں کی ہیں۔
امارات کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر میں تخفیف کے باوجود بند مقامات پر حفاظتی ماسک پہننا ضروری ہوگا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں