امارات: پاکستان سمیت دیگر ممالک سے اقامہ ہولڈرز کی مشروط واپسی
امارات: پاکستان سمیت دیگر ممالک سے اقامہ ہولڈرز کی مشروط واپسی
جمعہ 10 ستمبر 2021 14:15
ایکسپائراقامہ والےآنے کے لیے نیا اجازت نامہ حاصل کریں (فوٹو، سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات نے 12 ستمبر سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے اقامہ ہولڈرز کو آنے کی مشروط اجازت دے دی ـ اماراتی اقامہ ہولڈرزکے لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کوبنیادی شرط قرار دیا گیا ہےـ
اخبار ’امارات الیوم‘ کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے اقامتی امور اور ہنگامی حالات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن ممالک سے مسافروں کی آمد پرپابندی عائد تھی ان میں پاکستان ، بنگلہ دیش ، بھارت ، نیپال ، سری لنکا ، ویتنام ، زامبیا ، کونگو، سیر الیوان ، لیبیریا ، جنوبی افریقی نائیجریا اور افغانستان شامل ہیں ـ مذکورہ ممالک سے تارکین کی آمد پر عارضی پابندی کو 12 ستمبر 2021 سے ہٹایا جارہا ہےـ
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک کے اقامہ ہولڈرز کو چاہئے کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین کی خوراکیں لگواچکے ہوں ـ
امارات کے سفر سے قبل وہ آن لائن اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اپنی معلومات فیڈ کرائیں جن میں ویکسینیشن کا ثبوت ہو ـ اتھارٹی کی جانب سے ان افراد کو ہی امارات آنے کا این او سی جاری کیا جائے گا جو مطلوبہ شرائط پوری کرتے ہوں ـ
امارات آنے والے اقامہ ہولڈرغیر ملکیوں کے لیے پی سی آر کا ٹسیٹ بھی پیش کرنا لازمی ہے جو سفر سے 48 گھنٹے کا ہو ـ پی سی آر ٹیسٹ منظورشدہ لیب سے ہی کرایا جائے جو کیو آرکوڈ جاری کرتی ہیں ـ
امارات آنے کےلیے جہاز میں سوار ہونے سے قبل ’ فوری پی سی آر‘ کرانا ضروری ہے جبکہ امارات پہنچنے پر چوتھے و آٹھویں دن بھی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہو گا ـ ٹیسٹ سے 16 برس سے کم عمر مستثنی ہونگے ـ
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ وہ اقامہ ہولڈرز جنہوں نے ویکسین کی دونوں منظور شدہ خوراکیں لی ہوئی ہیں مگر انکا اقامہ ایکسپائر ہوچکا انہیں چاہئے کہ وہ متعلقہ ادارے سے امارات داخل ہونے کے لیے نیا اجازت نامہ حاصل کریں اور امارات آنے کے بعدمتعلقہ ادارے سے رجو ع کرنے پر انکے اقامتی معاملات درست کیے جائیں گےـ