ملک کا وسیع رقبہ گرد و غبار کی زد میں، گھروں تک محدود رہنے کی اپیل
’مسافروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہائی وے کا سفر موخر کردیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کا وسیع رقبہ آج گرد و غبار کے شدید طوفان کی زد میں ہے جہاں بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی نے رہائشیوں سے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’موسمیات کے نقشوں اور ماہرین کی آرا کے مطابق گرد و غبار کا طوفان آج بدھ سے ہفتے تک رہنے کا امکان ہے‘۔
’گرد وغبار کے طوفان کے باعث بعض علاقوں میں حد نگاہ انتہائی متاثر ہوگی جبکہ بعض علاقوں میں حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہوگی‘۔
’تمام رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے مسافروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہائی وے کا سفر موخر کردیں‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے متعدد شہروں میں انتباہ جاری کرتے ہوئے طوفان سے خبردار کیا ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’تبوک شہر کے علاوہ قرب و جوار کے علاقوں میں طوفان شدید ہوگا جس کی وجہ سے حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہوگی‘۔
مدینہ منورہ کے متعلق محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کا مطلع غبار آلود رہے گا جبکہ العلا، العیص، خیبر اور الحناکیہ میں درمیانے درجے کا طوفان ہوگا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ تبوک، مدینہ منورہ، شمالی حدود ریجن، الجوف اور حائل میں ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے‘۔