Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ملکی آمدنی بڑھی تو دفاع کو مضبوط بنانا ترجیح ہو گی‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں جے 10سی جنگی طیارے فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور جیسے جیسے ملکی آمدگی بڑھے گی تو دفاع کو مضبوط بنانے پر خرچ کریں گے۔
عمران خان نے جمعے کو کامرہ ایئربیس پر چینی ساختہ جے 10 سی جنگی طیاروں کی پاکستان ائیر فورس میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے برصغیر میں طاقت کا توازن خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جے 10 سی طیاروں کی وجہ سے توازن آئے گا۔‘
’ہم ایک چیلنجنگ دور میں رہ رہے ہیں۔ خطے میں امن و سلامتی کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور یہ تعاون مثالی ہے۔‘
’میرا یہ ایمان ہے کہ ہم ملک ہر شعبے کا اعلیٰ کوالٹی کا ادارہ بنا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’میں پاکستانی قوم کی طرف سے پاکستان کی افواج کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے دفاع کے لیے ایسی فورسز موجود ہیں۔‘
’اصل میں آپ کی افواج کی طاقت جب بنتی ہے جب قوم ان فورسز کی پشت پر کھڑی ہو۔‘
’ہم نے گزشتہ برسوں میں بڑی مشکل جنگ لڑی ہے۔ ایسی جنگوں سے ملک اجڑ جاتے ہیں لیکن جس طرح ہمارے افواج اور عوام نے اس کا سامنا ہے، اس سے دنیا میں پیغام کیا کہ یہ قوم اپنا دفاع کر سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج یہ ڈسپلے دیکھ کر مجھے یقین آیا کوئی بھی ہمارے دفاع کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’جیسے جیسے ملکی آمدنی بڑھے گی تو پہلی ترجیح ملک سے غربت ختم کرنا ہو گی، دوسرا ہم اپنے دفاع پر خرچ کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ کی اصل طاقت یہ ہے کہ آپ کو جنگ لڑنی نہ پڑے اور سب کو پتا ہو کہ ان کے پاس دفاع کی طاقت موجود ہے۔‘
 
 
 

شیئر: