Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عثمان خواجہ’لازما ملکھا سنگھ جیسا محسوس کر رہے ہوں گے‘

عثمان خواجہ نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ میں عثمان خواجہ نے سنچری مکمل کی تو یہ آسٹریلین کرکٹر کی اپنے آبائی شہر میں پہلی جب کہ مجموعی طور پر 11ویں سنچری رہی۔
عثمان خواجہ کے خاندان کا تعلق کراچی سے تھا جہاں سے وہ اسلام آباد منتقل ہوئے اور پھر آسٹریلیا چلے گئے تھے۔
سنیچر کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے سیشن میں عثمان خواجہ نے سنچری اننگز مکمل کرنے کے لیے 193 گیندیں کھیلیں اور ایک چھکے، 12 چوکوں کی مدد سے یہ سنگ میل عبور کیا۔
عثمان خواجہ کی سنچری مکمل ہونے کے بعد کرکٹ مبصرین اور فینز نے آسٹریلین ٹیم میں ان کی بیٹنگ پوزیشن اور انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کی ابتدا میں انہیں نہ کھلانے پر سیلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا تو پاکستانی نژاد کرکٹر کی صلاحیتوں کی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔
اسی پس منظر میں گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلین ٹویپ ڈکلن بؤرنگ نے لکھا کہ ’ہم انہیں ڈراپ کیوں کرتے ہیں؟‘

یاد رہے کہ گزشتہ چھ اننگز میں یہ عثمان خواجہ کی چوتھی سنچری اننگز ہے۔
کراچی ٹیسٹ میں سنچری ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا کے ہینڈل نے ان کی اننگز کو ’غیرحقیقی‘ قرار دیا تو کئی صارفین یہ پوچھتے دکھائی دیے کہ ’ایسا کیوں‘ ہے؟

پاکستانی اور آسٹریلین کرکٹ فینز نے عثمان خواجہ کی بیٹنگ کو سراہا اور آبائی ملک میں ان کی مسلسل بہتر کارکردگی پر کرکٹر کی ستائش تو انڈین ٹویپ نشانت نے عثمان خواجہ کی بیٹنگ پر تبصرے میں لکھا کہ ’وہ لازما ملکھا سنگھ کی طرح محسوس کر رہے ہوں گے جنہوں نے پاکستان میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔‘

راولپنڈی ٹیسٹ کی طرح کراچی میں بھی مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی پزیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ شائقین نے پلے کارڈز کی مدد سے مختلف آسٹریلین کھلاڑیوں کو مخاطب کیا تو کوئی انہیں کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس ایل 2023 کھیلنے کی دعوت اور کوئی ’اپنی بریانی اچھی بناتی ہیں‘ کہہ کر اپنے گھر عشائیے کی دعوت دیتا رہا۔

2016 سے اب تک عثمان خواجہ نے اپنے آبائی ملک پاکستان کے خلاف سات ٹیسٹ میچوں کی 10 اننگز میں بیٹنگ کی اور دو مرتبہ سنچری اور پانچ نصف سنچری اننگز کھیلی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے دبئی ٹیسٹ میں 141 رنز بنائے تھے، یہ پاکستان کے خلاف ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔

شیئر: