صدر ایوب سے ’فلائنگ سکھ‘ کا خطاب پانے والے انڈین ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کا انتقال
صدر ایوب سے ’فلائنگ سکھ‘ کا خطاب پانے والے انڈین ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کا انتقال
جمعہ 18 جون 2021 22:17
ملکھا سنگھ کو فلائنگ سنگھ کا خطاب پاکستان کے سابق صدر جنرل محمد ايوب خان نے دیا تھا۔ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
فلائنگ سنگھ کے نام سے مشہور انڈیا کے سابق سپرنٹر ملکھا سنگھ جمعے کی رات کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 91 سال تھی۔
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق 1958 کے دولت مشترکہ کھیلوں اور 1960 کے روم المپکس کے چیمپئن ایتھلیٹ رواں سال 20 مئی کو کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے۔ پانچ روز قبل ان کی اہلیہ کا بھی کورونا سے انتقال ہو گیا تھا۔
ملکھا سنگھ موہالی کے ایک نجی ہسپتال میں 24 مئی سے زیر علاج تھے۔ ملکھا سنگھ کا کورونا ٹیسٹ جمعرات کو منفی آگیا تھا جس کے بعد انہیں کورونا آئی سی یو سے جنرل آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
تاہم جمعے کی رات کو ان کا ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔
ملکھا سنگھ کے بیٹے جیو سنگھ نے انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے اپنے والد کی موت کی تصدیق کی۔
پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، چندی گڑھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکھا سنگھ کو تین جون کو کوڈ ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ ان کا کوڈ آئی سی یو میں 13 جون تک علاج ہوتا رہا۔
ونٹی لیٹر پر جانے کے باجود وہ کورونا سے صحت یاب ہوگئے تھے اور 13 جون کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا تھا۔ تاہم کورونا سے صحت یابی کے بعد کی پیچیدگیوں کے باعث ان کو جنرل آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت جمعے کو بگڑ گئی۔
ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل کور کا اتوار کو انتقال ہو گیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
’تاہم میڈیکل ٹیم کی ہر ممکن کوششوں کے باوجود ملکھا سنگھ کی حالت سنبھل نہ سکی اور جمعے کی رات مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 30 منٹ پر ان کا انتقال ہوگیا۔‘
خیال رہے ملکھا سنگھ کو فلائنگ سکھ کا خطاب پاکستان کے سابق صدر جنرل محمد ايوب خان نے دیا تھا۔
ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل کور کا اتوار کو انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات اتوار کے روز ہی چنڈی گڑھ میں ادا کی گئی تھیں۔
نرمل کور بھی اپنے شوہر ملکھا سنگھ کی طرح کھیلوں کی شخصیت تھیں۔ نرمل کور انڈین والی بال ٹیم کی کپتان رہیں۔ نرمل کور کی شادی روم اولمپکس کے بعد 1962 میں ملکھا سنگھ سے ہوئی تھی۔