سعودی عرب میں خود کار چالان سسٹم کا آغاز اتوار سے
ٹریفک خلاف ورزیوں پر فوری چالان ارسال کیے جائیں گے(فوٹو عاجل)
سعودی عرب ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کے تمام ریجنز میں اتوار 13 مارچ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے خود کارچالان سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے لیموزین اورپبلک ٹرانسپورٹ کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے خودکارچالان سسٹم کا تجرباتی آغاز گزشتہ برس ریاض سے کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دوسرے مرحلے میں مملکت کے تمام ریجنز میں بیک وقت اسے نافذ کیا جائے گا۔
پبلک ٹرانسپورٹ کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے ٹیکسی کے ’پرمٹ ‘ کی خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے گی جس میں ایسی ٹیکسیوں کا خود کارچالان کیاجائے گا جن کے ڈرائیور بغیر روڈ پرمٹ کے گاڑی چلا رہے ہوں گے یا جن کا پرمٹ ایکسپائریا منسوخ کیا گیا ہوگا۔
خودکار چالان سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی نمبرپلیٹ کے ذریعے ٹیکسیوں کے ریکارڈ کا معائنہ کیا جائے گا اور خلاف ورزیوں پر فوری چالان ارسال کیے جائیں گے۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خود کارچالان سسٹم کا مقصد ٹیکسی سروس کو منظم بنانا ہے تاکہ عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کو مکمل تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔