Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ستائیس مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسہ ہوگا: پی ٹی آئی

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کے بعد اپوزیشن نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پیر کے روز پی ٹی آئی کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔‘
حکمراں جماعت کی طرف سے مزید کہا گیا کہ ’تاریخ ساز‘ جلسہ 27 مارچ کو ڈی چوک پر ہوگا۔
واضح رہے پیر کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  ’وزیراعظم نے ڈی چوک میں عوامی جلسہ کی تیاریوں کی بھی ہدایت دے دی ہے اور تمام ارکان کو ڈی چوک میں دس لاکھ لوگوں کا عوامی اجتماع اکٹھا کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’عدم اعتماد کی تحریک لانے کے بعد اپوزیشن نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے اور تحریک انصاف کے کارکن وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کور کمیٹی اجلاس میں زیادہ تر ارکان کی خواہش تھی کہ اجلاس جلد بلایا جائے، اجلاس کا فیصلہ سپیکر نے کرنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس کا فیصلہ کریں۔‘
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ’ہمیں امید ہے کہ جس طرح ہماری اتحادی جماعتیں جس طرح ہمارے ساتھ تین سال سے کھڑی ہیں اسی طرح کھڑی رہیں گے اور اپنے کارکنان کو اعتماد میں لینے کا مرحلہ ہے اور اس مرحلے سے گزر رہے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ’جس دن عدم اعتماد کا ووٹ ہوگا، (اراکین) تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جائیں گے اور ووٹ دینے کے بعد اسی جلسے سے گزر کر واپس جائیں گے۔‘

شیئر: