کورونا ٹیسٹ رپورٹ دبئی جانے میں رکاوٹ، شہری کا نجی لیب کے خلاف مقدمہ
منگل 15 مارچ 2022 18:27
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
شہری نے نجی لیب کے خلاف 25 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں ایک شہری نے ایک نجی لیبارٹری کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے ۔ دعوے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ لیب کی رپورٹ کی وجہ سے وہ دبئی نہیں جاسکے۔
شہری کلیم اختر نے نجی لیب کے خلاف پچیس لاکھ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کیا ہے۔
انہوں نے عدالت میں دائر اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ’حمید لطیف پیتھالوجی لیب نے ان کورونا کا ٹیسٹ مثبت قرار دیا جس کی وجہ سے عین وقت پر وہ دبئی جانے والی فلائٹ میں سوار نہیں ہوسکے۔
بعد ازاں انہوں نے ایک دوسری نجی لیب سے ٹیسٹ کروایا تو وہ منفی تھا۔‘
اپنی درخواست میں انہوں نے کہا کہ ’اس رپورٹ کی وجہ سے انہیں ذہنی صدمے سے گزرنا پڑا ہے جبکہ وہ دبئی میں اپنی نوکری سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
انہیں کورونا نہیں تھا جس کی تصدیق دوسری رپورٹس میں ہوئی۔
صارف عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حمید لطیف ہسپتال کو نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 7 اپریل کو ہوگی۔
اس حوالے سے جب اردو نیوز نے حمید لطیف ہسپتال سے رابطہ کیا تو انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’ہسپتال قانونی امور سے متعلق جواب دینے کے لیے ڈاکٹر الیگزینڈر اس وقت اس موضوع پر بات کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔‘