دس لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ ناکام، 141 افراد گرفتار
2495 کلو حشیش کی سمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی ہے( فوٹو سبق)
سعودی عرب کےسرحدی محافظوں کے ترجمان کرنل مسفر القرینی نے کہا ہے کہ ’دس لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں اور 2495 کلو حشیش کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترجمان مسفرالقرینی نے بتایا کہ ’جازان، نجران، عسیر، مکہ مکرمہ اور الجوف ریجنوں میں بری اور بحری دستوں نے 12 لاکھ 14 ہزار 966 نشہ آور گولیوں، 2495 کلو گرام حشیش، 75 ٹن 474 ٹن قات (نشہ آور پتوں) کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا ئی ہے‘۔
سرحدی محافظوں کے ترجمان نے بتایا کہ’ سمگلنگ میں ملوث 141 افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 79 کا تعلق سعودی عرب، 62 کا سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں، 32 کا یمن، 25 کا ایتھوپیا، 2 کا اریٹیریا، 3 کا سوڈان، صومالیہ اور انڈیا سے ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ ملزمان کو قانونی کارروائی کےبعد ضبط شدہ منشیات سمیت متعلقہ ادارے کے حوالے کیا گیا ہے‘۔