Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرامکو سمیت اہم سعودی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام

اتحادی افواج نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی چار اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حوثی ملیشیا نے شقیق واٹر پلانٹ، جازان میں آرامکو پلانٹ، ظہران الجنوب میں بجلی کے سٹیشن اور خمیس مشیط میں گیس سٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا کے ڈرون سے چند مکانات اور سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ لوگوں کی جانیں محفوظ رہی ہیں‘۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا کی طرف سے جنونی اورغیر ذمہ داران دشمنانہ کارروائی خلیجی ممالک کی طرف سے امن مذاکرات کا جواب ہے‘۔
قبل ازیں اتحادی افواج نے کہا تھا کہ اس نے خمیس مشیط پر داغا جانے والا ڈرون تباہ کر دیا ہے۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا نے متعدد تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائل کا استعمال کیا ہے‘۔
’حوثی باغی سعودی عرب کی شہری آبادی، سرکاری تنصیبات اور نجی املاک کو نشانہ بنانے کی کوشش کر کے عالمی قوانین کو پامال کر رہے ہیں‘۔

شیئر: