دوسروں کے نجی کوائف شیئر کرنے پر 30 لاکھ ریال جرمانہ
’کابینہ نے نجی کوائف کے حفاظت کی ضمانت دی ہے اور اس کی اشاعت کو جرم قرار دیا ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ دوسروں کے نجی کوائف شیئر کرنا اور ان کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرنا جرم ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ ’ایسا کرنے پر 30 لاکھ ریال تک جرمانہ اور دو سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’نجی کوائف سے مراد کسی شخص کے بارے میں ایسی معلومات شیئر کرنا جن سے اس کے خاندان، قبیلے یا جن سے اس کی دینی، مذہبی یا سیاسی وابستگی معلوم ہو یا جن سے معلوم کیا جائے کہ وہ کس کمیٹی یا کمپنی یا ادارے سے وابستہ ہے‘۔
’علاوہ ازیں ایسی معلومات جن سے دوسرے کا پولیس ریکارڈ یا بایومکینکس یا کریڈٹ یا بینک معلومات بھی شامل ہیں‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’دوسرے شخص کے متعلق صحت معلومات یا اس کی لوکیشن یا پھر ایسی معلومات جن سے اندازہ ہو کہ دوسرا شخص نامعلوم والدین کی اولاد ہے، یہ سب نجی کوائف میں شامل ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’سعودی کابینہ نے دوسروں کے نجی کوائف کے حفاظت کی ضمانت دی ہے اور اس کی عام اشاعت کو جرم قرار دیا ہے‘۔