حملوں سے پیداوار متاثر، ذخیرے سے کمی کو پورا کریں گے: سعودی وزارت توانائی
سعودی وزارت توانائی نے کہا ہے کہ بروز ہفتہ 19 مارچ کو رات کو ساڑھے 11 بجے جازان میں پٹرول پلانٹ پر ڈرون حملہ ہوا ہے جبکہ آج اتوار کو صبح ساڑھے 5 بجے ینبع میں قدرتی گیس کے پلانٹ پر ایک اور حملہ ہوا ہے۔
وزارت توانائی نے کہا ہے کہ ’اس کے علاوہ ینبع کے ساینوبک کمپنی برائے تیل پر بھی دو ڈرون حملے ہوئے ہیں۔‘
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’ان حملوں کے باعث پلانٹ کی پیداوار متاثر ہوئی ہے تاہم ذخیرے سے کمی کو پورا کیا جائے گا۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’مذکورہ بالا حملوں کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی سرکاری تنصیبات اور نجی املاک کو نشانہ بنانا دہشت گردی اور تخریب کاری ہے۔‘
’یہ بزدلانہ حملے سعودی عرب کے خلاف نہیں بلکہ دنیا کو توانائی کی سپلائی متاثر کرنے کے لیے جن کا مقصد عالمی معیشت کو خراب کرنا ہے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’حوثیوں کے حملوں سے بحری گزرگاہیں اور عالمی تجارت بھی متاثر ہوتی ہے۔‘
وزارت نے سعودی عرب کا عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ دہرایا ہے کہ علاقے میں اس دہشت گردی کو روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔