Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا دورہ مانسہرہ، جلسہ رکوانے کے لیے الیکشن کمیشن کا مراسلہ

الیکشن کمیشن نے لوئر دیر میں جلسہ عام میں شرکت پر وزیراعظم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا تھا (فوٹو ٹوئٹر)
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کا بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں 25 مارچ کو مجوزہ جلسہ رکوانے کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو مراسلہ لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نظرثانی شدہ ضابطہ اخلاق کی رو سے کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے والا شخص انتخابات والے اضلاع کا دورہ نہیں کرسکتا۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مالاکنڈ میں جلسہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو نوٹس جاری کرکے 22 مارچ تک وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن مالاکنڈ نے وزیراعظم  پاکستان عمران خان، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر علی زیدی، سینیٹر فیصل جاوید، ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر، ممبر صوبائی اسمبلی شکیل خان اور ممبر صوبائی اسمبلی پیر مصور کو بذات خود یا بذریعہ وکیل وضاحت پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو الیکشن کمیشن کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوئر دیر میں جلسہ عام میں شرکت پر 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ لوئر دیر میں جلسہ عام میں شرکت کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزرا اسد عمر، مراد سعید، صوبائی وزیر انور زیب، وزیراعلی خیبرپختونخو ا کے معاون خصوصی ملک سیف اللہ اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی لیاقت علی کو بھی پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے الیکش کمیشن کے نوٹسز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلینج کیا ہے۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے وزیراعظم کے وکیل کی جانب سے نوٹسز کو معطل کرنے کی استدعا کو مسترد کر دیا تھا۔ 
 

شیئر: