ماں کو زندہ جلانے اور بیوی کا گلا کاٹنے والے شہریوں کو سزائے موت
تبوک اور مدینہ منورہ میں سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ماں اور بیوی کو ہلاک کرنے والے سعودی شہریوں کو سزائے موت دی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی شہری سلطان بن احمد شامان نے تبوک میں اپنی ماں کو بیڈ روم میں سوتے ہوئے پٹرول چھڑک کر آگ لگا کر ہلاک کردیا تھا‘۔
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ ملزم نے گرفتاری کے بعد نے پوچھ گچھ کے دوران اقبال جرم کیا جس پر اسے عدالت میں پیش کیا گیا‘۔
فوجداری کی عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنادی تھی جس کی توثیق اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے کی تھی۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا جسے منگل کو تبوک میں نافذ کردیا گیا۔
علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے ایک اور بیان میں بتایا کہ’ مدینہ منورہ میں سعودی شہری عبداللہ الحسینی نے اپنی اہلیہ نجاح الصاعدی کو چھری سے پے درپے وار کرکے اس کا سر تن سے جدا کردیا تھا‘۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت پیش کیا۔ قتل کا جرم ثابت ہوجانے پر عبداللہ الحسینی کو موت کی سزا سنائی گئی۔ اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نےعدالتی فیصلے کی توثیق کی تھی۔
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کیا جسے منگل کو مدینہ منورہ میں نافذ کردیا گیا۔