کورونا کے نازک کیسز کی کمی ، یومیہ تعداد سو سے تجاوز کرگئی
کورونا کے نازک کیسز کی کمی ، یومیہ تعداد سو سے تجاوز کرگئی
پیر 4 اپریل 2022 13:50
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا وائرس کے 104 کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک مملکت میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 51 ہزار 180 ہوگئی ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 296 افراد شفایاب ہوئے۔ اب تک مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا سے 7 لاکھ 35 ہزار 401 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
گزشتہ ایک روزمیں کورونا سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک 9 ہزار 50 افراد اس مہلک وائرس سے جان کی بازی ہارچکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مملکت میں کورونا کے نازک کیسز میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے گزشتہ روزکورونا سے صحتیاب ہونے والوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرعلاج تین مریض بھی شامل ہیں جنہیں کورونا سے مکمل شفایاب ہونے پراسپتال سے فارغ کیا گیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ اب تک سعودی عرب کے تمام ریجنز میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے 6 کروڑ 31 لاکھ 91 ہزار 592 ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جن میں بوسٹرڈوز بھی شامل ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے ہی وزارت صحت کی جانب سے فوری اور خصوصی اقدامات کرتے ہوئے تمام ریجنز میں ویکسینیشن کا آغاز کیا گیا جس کے تحت مرحلہ وارمختلف شہروں میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے جہاں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مفت ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔