مسجد الحرام میں سعودی سکاوٹس دو سال بعد زائرین کی خدمت پر مامور
مسجد الحرام میں سعودی سکاوٹس دو سال بعد زائرین کی خدمت پر مامور
پیر 4 اپریل 2022 23:42
مکہ کے سکولوں کے سکاوٹس جوش و جذبے سے کام کر رہے ہیں ( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کورونا وبا کے باعث مکہ کے سکولوں کے سکاوٹس دو سال تک مسجد الحرام میں زائرین کی خدمت سے محروم رہے۔
اس سال سکاوٹس زائرین کی خدمت جوش و جذبے سے کر رہے ہیں ۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سکاوٹ چیئرمین زیاد قدیر نے کہا کہ ’مکہ مکرمہ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر الاحمد الزائدی اور ان کے معاون برائے تعلیمی امور علی العامودی سکاوٹ کی مسجد الحرام واپس پروگرام کی براہِ راست سرپرستی کر رہے ہیں‘۔
زیاد قدیر نےبتایا کہ’ زائرین کی خدمت بڑا اعزاز ہے۔ سکولوں میں اس کی تعلیم اور تربیت بھی کی جاتی ہے۔ افسوس تھا کہ دوسال سے ہم اس سے محروم ہیں ۔اب پھر ہمیں زائرین کی خدمت کا موقع مل رہا ہے‘ ۔
’سکاوٹس کو زائرین کی خدمت کر کے اپنی شخصیت سنوارنے کا بھی موقع ملتا ہے اور حب الوطنی کو فروغ ملتا ہے‘۔
سکاوٹ چیئرمین کے مطابق ’عصر سے عشا کے بعد تک سکاوٹس دو گروپ کام کرتے ہیں ۔ یہ مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں افطار دستر خوان کی تیاری میں فلاحی اداروں کے ساتھ حصہ لیتے ہیں‘۔
’سکاوٹس کا دوسرا گروپ حرمین شریفین انتظامیہ کے تعاون سے کام کرتا ہے۔ مغرب سے تراویح کے بعد تک نمازیوں کی رہنمائی کرتا ہے‘۔
سکاوٹس کے ادارے نے سکولوں میں اعلان کر دیا تھا کہ جو نوجوان رمضان کے دوران زائرین کی خدمت رضاکارانہ طور پر کرنا چاہتے ہوں وہ اپنے ناموں کا اندراج آن لائن کرالیں۔