Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کا پاکستان سمیت 52 ’دوست‘ ممالک کے ساتھ پروازوں کی بحالی کا اعلان

روس نے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے روس نے سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
روس نے کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے پاکستان سمیت 52 ’دوست ممالک‘ کے ساتھ فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روس کے وزیراعظم میخائل مشسٹن نے پیر کو کہا کہ روس کا ارادہ ہے کہ نو اپریل کے بعد 52 ممالک کی پروازوں پر عائد پابندیاں ختم کر دے۔
روسی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ارجنٹینا، جنوبی افریقہ اور دیگر ’دوست ممالک‘ کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کریں گے۔
کورونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق دیگر ممالک میں الجیریا، چین، لبنان، پیرو اور پاکستان شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دوست ممالک وہ ہیں جو یوکرین پر حملے کے بعد مغربی پابندیوں کی تازہ ترین لہر میں شامل نہیں ہوئے۔‘
ماسکو نے یوکرین پر 24 فروری کو حملہ کیا تھا اور اس کو ’سپیشل آپریشن‘ قرار دیا تھا۔
مارچ 2020 میں روس نے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔
مغرب کی جانب سے پابندیوں کے ردعمل میں روس نے یورپی یونین کے 27 ممالک سمیت 36 ملکوں کے لیے فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔
مغربی طاقتوں کی جانب سے روس کے خلاف اقدامات نے یورپی اداروں کو مجبور کیا کہ وہ 500 سے زیادہ طیاروں کے لیے روسی فضائی کمپنی کے ساتھ لیز کے معاہدے ختم کریں۔
پابندیاں عائد ہونے کے بعد رشیئن ایئر لائن یورپ یا امریکہ سے ہوائی جہاز کے پرزے خرید نہیں سکتی اور نہ ہی دیگر خدمات استعمال کر سکتی ہے۔

شیئر: