Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی گولڈ مارکیٹ میں آنے والی تیزی عارضی‘

روس یوکرین جنگ کی وجہ سے سونے کے نرخ بڑھے ہیں(فائل فوٹو روئٹرز) 
قیمتی پتھروں اور معدنیات کے سعودی ماہرعصام عبدالعزیز الاشرفی نے کہا ہے کہ سونے کے نرخوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی بحران ہے۔ سونے کے نرخوں میں ٹھہراو آنے میں وقت لگے گا۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق عصام عبدالعزیز الاشرفی نے کہا کہ’ سونے کے نرخوں میں آنے والی تیزی عارضی ہے۔ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے سونے کے نرخ بڑھے ہیں‘۔  
سعودی ماہر نے کہا کہ’ گولڈ مارکیٹ عالمی سطح پر جنگ کے اثرات ختم ہوتے ہی معمول پر آجائے گی اور اس میں ٹہراو آئے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب میں سونے اور زیورات کی مارکیٹ بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ سے متاثر ہے۔ عالمی بحران کے اثرات سعودی مارکیٹ پر بھی براہِ راست پڑ رہے ہیں۔
’ چین، انڈیا اور امریکہ دنیا بھر میں گولڈ استعمال کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہیں۔ سعودی عرب عالمی سطح پر گولڈ استعمال کرنے والے دس بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہے‘۔  
عصام عبدالعزیز الاشرفی نے مزید کہا کہ ’حالیہ دنوں میں سونے کے نرخ عالمی سطح پر بڑھے ہیں، سعودی عرب سمیت دنیا بھر کی گولڈ مارکیٹ اس سے متاثر ہوئی ہیں‘۔ 

شیئر: