Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی حکومت ختم ہونے پر شوبز شخصیات کیا کہتی ہیں؟

پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت کے خلاف امریکہ نے سازش کی ہے (فائل فوٹو: فیس بک)
سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب جب وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم کی گئی تو پاکستان بھر میں کہیں احتجاج تو کہیں جشن کے مناظر دیکھے گئے۔
پاکستان کے سوشل میڈیا پر بھی ایک طرف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا گیا تو دوسری طرف عمران خان کے وزارت اعظمیٰ سے ہٹنے پر افسوس کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی شوبز شخصیات بھی پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے پر مختلف انداز میں تبصرے کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
پاکستان کے معروف اداکار شان شاہد نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تجھے وطن کی صدائیں سلام کہتی ہیں، تجھے وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں۔‘
جہاں کچھ پاکستانی اداکارعمران خان کے حق میں بات کر رہے ہیں وہیں کچھ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات پاکستان کے آئین کی اہمیت بتا رہی ہیں۔
اداکارہ ریشم کی طرف سے بھی ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کا ہر شہری سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہے کیوں کہ انہوں نے پاکستان کو بحران سے نکال کر آگے بڑھنے کا ایک راستہ دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آئین ہے تو ہم ہیں، آئین ہے تو پاکستان ہے۔ پاکستان فوج کا سیاست سے دور رہنا بھی قابل ستائش ہے۔‘
اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان شائستہ لودھی نے عمران خان کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم معذرت خواہ ہیں عمران خان ہم آپ کے لائق نہیں ہیں۔‘
پاکستانی گلوکار فاخر محمود نے بھی ایک ویڈیو میں افواج پاکستان اور عدلیہ کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ ’سپریم کورٹ نے آئین پاکستان کو محفوظ رکھ کر بہت اچھا کیا اور پاکستانی فوج کا نیوٹرل رہنا بھی قابل ستائش ہے۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’میں وطن پاکستان کو آنے والے وقت میں ایک مضبوط جمہوریت اور آئین کی پاسداری والا ملک دیکھ رہا ہوں۔‘
اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے عمران خان کو آنے والے الیکشن کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا اور لکھا کہ ’میرے پیارے کپتان آپ اگلے الیکشنز کی تیاری کریں میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں۔‘
گلوکار فرحان سعید نے سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’تم کتنے عمران بھیجو گے، ہر گھر سے عمران نکلے گا۔ جو ہوا وہ قابل افسوس ہے لیکن میں کہتا ہوں آج اصل تحریک شروع ہوئی ہے۔‘
واضح رہے کہ عمران خان سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب عمران خان کو اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہٹا دیا تھا۔
پی ٹی آئی اور عمران خان کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت امریکی سازش کے ذریعے گرائی گئی ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس سازش کا ساتھ دیا ہے۔
امریکی محمکہ خارجہ اور پاکستانی سیاسی جماعتیں ان الزامات کی تردید کرچکی ہیں۔

شیئر: