دبئی میں مالدار گداگر گرفتار، چالیس ہزار درہم برآمد
اتوار 10 اپریل 2022 21:43
دبئی پولیس گداگروں کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہے( مارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے ایک مالدار گداگر کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے قبضے سے 40 ہزار درہم اور مختلف ملکوں کے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔
الامارات الیوم کے دبئی پولیس گداگروں کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہے۔ رمضان کے دوران مختلف ممالک کے گداگر امارات پہنچے ہوئے ہیں۔
دبئی میں پبلک پراسیکیوشن کے ماتحت ادارہ انسداد گداگری کے انچارج کرنل احمد العدیدی نے بتایا کہ’ دبئی پولیس رمضان کی آمد سے پہلے ہی سے مستعد ہے، آگہی مہم شروع کی گئی تھی۔ رائے عامہ کو بتایا جارہا تھا کہ گداگری معاشرے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے‘۔
کرنل احمد العدیدی نے بتایا کہ’ گداگروں کے خلاف مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ہر سال گداگروں کی تعداد میں کمی ہورہی ہے اور یہ بڑی کامیابی ہے‘۔
انہوں نےکہا کہ’ جو لوگ خیرات اور صدقہ کرنا چاہتے ہوں وہ سرکاری اداروں، انجمنوں اور فلاحی کام کرنے والے باقاعدہ رجسٹرڈ مراکز میں رقم جمع کرائیں‘۔
’افطار کرانے کے لیے فلاحی انجمنیں خصوصی پروگرام کا انعقاد کر رہی ہیں۔ انفرادی طور پر بھی افطار پروگرام کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے لیے اجازت نامہ لینا ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ گداگروں کو خیرات نہ دیں ۔ اگر کہیں کوئی بھیک مانگتا نظر آئے تو رابطہ مرکز یا پولیس سٹیشن سے رجوع کرکے رپورٹ کریں‘۔