Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کے اعلان کردہ ریلیف پیکج میں کیا ہے؟

شہباز شریف نے کہا کہ پینشنرز کو سابقہ دور میں نظرانداز کیا گیا (فوٹو اے ایف پی)
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں عوام، سرکاری ملازمین اور پینشنرز کے لیے ریلیف پیکیج اور نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کم از کم ماہانہ اجرت بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا اس حوالے سے صوبوں کے تعاون سے قانونی ضرورتیں جلد پوری کریں گے۔
’ایک لاکھ روپے تک تنخواہ داروں کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ بھی یکم اپریل سے کیا جائے گا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پینشنرز کو سابقہ دور میں نظرانداز کیا گیا۔ ’سول اور فوجی پینشنرز کی پینشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف یا افیون نہیں، بلکہ لیپ ٹاپ دیں گے۔‘
صوبوں کے ساتھ مل کر پورے ملک میں رمضان المبارک کے دوران بازاروں اور دکانوں پر سستا آٹا مہیا کریں گے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے نام سے شروع کیا پیپلز پارٹی دور کا سپورٹ پروگرام جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں بھی یہ پروگرام جاری رکھا گیا تھا اور اب بھی اسے جاری رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ’شہباز شریف کی جانب سے کم از کم تنخواہ میں اضافے کے بعد پریشان صنعت کاروں اور ایکسپورٹرز کو میرا پیغام ہے کہ یاد رکھیں صرف دو روز میں مارکیٹ میں 5.4 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور شہباز شریف کی حکومت آپ کو برآمدات کرنے اور آگے بڑھنے میں مدد کرے گی۔‘

شیئر: