Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف ملک میں فوری طور پر عام انتخابات چاہتی ہے: عمران خان

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خط کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ آزاد کمیشن بنائے (فوٹو: پی آئی ڈی)
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان جماعت ملک میں فوری عام انتخابات چاہتی ہے جو آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
پیر کی شب ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا ہے کہ ’ہم فوری طور پر الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے تاکہ لوگ صاف شفاف الیکشن کے ذریعے جسے چاہیں اپنا وزیراعظم منتخب کر سکیں۔‘
مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کا اعلان مسترد
پاکستان تحریک انصاف نے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شہباز شریف کے خطاب کے بعد ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شہباز شریف کی لیٹر گیٹ سکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو این آر او دینے کی بھونڈی کوشش ہے۔‘
فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ ’تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہیے، جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو، جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔‘
خیال رہے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پارلیمان سے خطاب میں شہباز شریف نے پارلیمان کی سکیورٹی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلا کر خط کے حوالے سے بریفنگ دینے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ’اس بریفنگ میں مسلح افواج کے سربراہ، ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری خارجہ اور وہ سفیر شامل ہوں جنھوں نے خط لکھا۔‘ 

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ اس میں قطعاً تاخیر نہیں کرنی چاہیے تاکہ پوری قوم کو پتا چلے، آج میں اپنی طرف سے اور بلا خوف تردید قائدین کی جانب سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر رتی برابر بھی ایسی بات سامنے آ جائے کہ ہمیں کسی بیرونی طاقت سے وسائل ملے یا ہم اس میں ملوث ہیں، تو آج میں ایک سکینڈ کے اندر مستعفی ہو کر گھر چلا جاوں گا۔

شیئر: