دبئی میں تقریباً تین کلو گرام کا نایاب روبی نمائش کے لیے تیار
قیمتی روبی دبئی میں رمضان کے بعد نیلامی کے لیے دستیاب ہوگا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
دبئی میں تقریباً تین کلوگرام کا نایاب روبی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق برج الحمل نام کا قیمتی پتھر روبی آٹھ ہزار 400 قیراط (دو اعشاریہ آٹھ کلوگرام) وزنی ہے۔
یہ کھردرا پتھر وسطی تنزانیہ کے ایک گاؤں ونزا سے نکالا گیا ہے۔
ہالی وڈ اداکار تمر حسن 15 اپریل کو دبئی کے والڈورف استوریہ فنانشل سینٹر میں اس نایاب پتھر کو نمائش کے لیے پیش کریں گے۔
دبئی میں ایس جے گولڈ اینڈ ڈائمنڈ فرم اپنے نئے ’کیلسٹو کلیکشن‘ میں اس نایاب پتھر کو لانچ کر رہی ہے۔
کیلسٹو کلیکشن میں دنیا بھر سے قیمتی اور نایاب پتھر پیش کیے جائیں گے۔
ایس جے گولڈ اینڈ ڈائمنڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر پیٹرک پیلاتی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم اپنی کلیکشن لوگوں کے سامنے پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری متحدہ عرب امارات میں بہتر سے بہترین چیزوں کی نمائش کی لگن کا تسلسل ہے۔
یہ قیمتی روبی دبئی میں رمضان کے بعد نیلامی کے لیے دستیاب ہوگا اور سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو فروخت کیا جائے گا۔
اس کی قیمت کا اندازہ کم از کم 120 ملین ڈالر لگایا جا رہا ہے۔