سعودی ولی عہد سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا ٹیلی فونک رابطہ
جمعرات 14 اپریل 2022 6:15
دونوں شخصیات نے تازہ ترین علاقائی و عالمی حالات و واقعات اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے کردار پر بات چیت کی۔ فوٹو: ایس پی اے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے گفتگو میں یمن کے بحران کے حل کے لیے فریقین کے درمیان جنگ بندی کروانے کی سعودی کوششوں کو سراہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جمعرات کو سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
اس دوران دونوں شخصیات نے تازہ ترین علاقائی و عالمی حالات و واقعات اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے کردار پر بات چیت کی۔
واضح رہے کہ گلف تعاون تنظیم (جی سی سی) نے گزشتہ ماہ یمن کے تمام سیاسی، قبائلی اور مذہبی زعماء، صحافیوں، سماجی کارکنوں، معاشی ماہرین اور غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں کو یمن کے مسائل کے جائزے اور ان کا حل تجویز کرنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
ایرانی پشت پناہی سے یمن میں سرگرم حوثیوں کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے ان امن مذاکرات میں شرکت کی اور جنگ زدہ ملک میں امن و استحکام لانے کے لیے ہونے والے مذاکرات کا حصہ بنے۔
اس مشاورت کے نتیجے میں ایک آٹھ رکنی صدارتی لیڈرشپ کونسل قائم کی گئی جس کی سربراہی راشد العالمی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ سات اپریل کو یمن کے سابق صدر عبدالرب منصور ہادی نے اختیارت مذکورہ کونسل کو منتقل کردیے تھے اور اسے ملک چلانے اور حوثیوں کے مذاکرات کا اختیار بھی دے دیا تھا۔