اذان اور حسن قرات مقابلے، سعودی عرب اور مراکش کے امیدوار سیمی فائنل میں
اذان اور حسن قرات مقابلے، سعودی عرب اور مراکش کے امیدوار سیمی فائنل میں
جمعہ 15 اپریل 2022 22:58
ہرکیٹگری کے لیے 6 امیدوارسیمی فائنل کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں(فوٹو عرب نیوز)
سعودی جنرل انٹرٹینمینٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام اذان اور حسن قرات مقابلے میں سعودی عرب اور مراکش کے امیدوار سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ’اوتر الکلام‘ (کلام کی خوشبو) کے عنوان سے ہونے والے اس مقابلے کے گیارویں مرحلے کو سعودی ٹی وی چینلز پر دنیا بھر کے ناظرین نے عبدالرحمن بن عدیل اور احمد الخالدی کو بین الاقوامی مقابلے کے آخری کوالیفائر مرحلے میں اپنی اپنی کیٹگری میں آگے بڑھتے ہوئے دیکھا۔
سعودی نوجوان عبدالرحمن بن عدیل نے اپنے مصری حریف محمود علی ہلال کے مقامبلے میں اذان کی کیٹگری میں کوالیفائی کیا۔
بن عدیل کی آواز کی کارکردگی نے سامعین اور جیوری کے ارکان کو مسحور کر دیا جبکہ کویت کی المسجد الكبير کے امام شیخ مشاری العفاسی کے آنسو بہہ گئے۔
حسن قرات میں جیوری اور سامعین مراکش کےعبداللہ البرکدی اوراندلس کی مسجد کے امام احمد الخالدی کی کارکردگی کے درمیان تقسیم ہوگئے لیکن امام الخالدی جو بریل کا استعمال کرتے ہوئے قرآن پڑھتے ہیں ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مقابلہ اب فائنل کوالیفائرز کے دوسرے مرحلے میں ہے جہاں 12امیدوار، ہرکیٹگری کے لیے 6 امیدوارسیمی فائنل کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔ 12 ملین ریال کے انعامی مقابلے کے لیے صرف چارامیدوار فائنل مرحلے کے لیے اہل ہوں گے۔
13 رکنی جیوری انڈونیشیا، روس، سعودی عرب، مراکش، لیبیا، پاکستان، مصر، لبنان، کویت اور سینیگال کے ججوں پر مشتمل ہے جو قرآن، مقام اور آواز میں مہارت رکھتے ہیں۔