بدعنوانی کے 13 مقدمات میں کئی ملازمین اور افسران گرفتار
اتوار 17 اپریل 2022 21:37
مقامی کمپنی کےغیرملکی ملازم کو گرفتار کیا گیا(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی (نزاھۃ) نے بدعنوانی کے الزامات پر فوجداری کے 13 کیسز میں متعدد افسران اور عہدیداروں کو حراست میں لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ ’پہلے کیس میں ایک مقامی کمپنی کےغیرملکی ملازم کو گرفتار کیا گیا جو بیرون مملکت سے اپنے اکاؤنٹس میں رقم ٹرانسفر کرا رہا تھا‘۔
بیان کے مطابق’ سوئٹزرلینڈ سے اس کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ 96 ہزار61 ریال آئے تھے جو ایک غیرملکی کمپنی نے بھیجے تھے۔ غیرملکی کمپنی نے ایک یونیورسٹی سے ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے ساتھ درپردہ معاہدہ کررکھا تھا۔ اس معاہدے کی مد میں رقم بھیجی گئی تھی‘۔
دوسرے کیس میں وزارت صحت کے پانچ اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے مملکت سے مستقل بنیادوں پر جانے والے وزارت کےغیرملکی ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات اپنے قبضے میں لیے تھے۔ انہوں نے 92 لاکھ 63 ہزار900 ریال غیرملکیوں کے ہتھیا لیے۔
مقامی شہریوں نے غیرملکی ملاززین کے بینک اکاؤنٹ میں تبدیلیاں کی تھیں اوران کے نام سے فرضی بینک اکاؤنٹ نمبر کا اندراج کرا رکھا تھا۔
تیسرے کیس کے تحت وزارت دفاع کے ایک ریٹائرڈ میجر جنرل کو حراست میں لیا گیا جس نے ایک مالیاتی کمپنی کے واجبات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرکے پانچ لاکھ ریال کی مالیت کی ایک پرآسائش گاڑی اور 90 لاکھ ریال وزارت دفاع کے ساتھ معاہدہ کرنے والی کمپنی کے غیرملکی ملازم سے وصول کیے تھے۔
دیگر کیسز میں متعدد غیرملکی اور عسکری اداروں کے اہلکار بدعنوانی، رشوت، جیلوں میں منشیات کی سمگلنگ میں معاونت پر حراست میں لیے گئے ہیں۔