سعودی گرین کارڈ منفرد خدمات انجام دینے والوں کو دیا جائے گا
جمعرات 13 اپریل 2017 3:00
دمام: سعودی گرین گارڈ ممتاز ، منفرداور نمایاں خدمات انجام دینے والے غیر ملکیوں کو دیا جائے گا۔ گرین کارڈ کے حصول کے لئے 9شرائط رکھے گئے ہیں جن میں سے کسی ایک پر پورا اترنے والا گرین کارڈ کا مستحق ہوگا۔ یہ بات مجلس شوری میں مالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فہد بن جمعہ نے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین کارڈ جاری کرنے کا مطلب سعودی عرب میں امیگریشن کا دروازہ کھولنا نہیں بلکہ یہ چند ممتاز اور منفرد خصوصیتوں کے حامل افراد کو ہی دیا جائے گا۔ گرین کارڈ کا اجراءمتعدد وزارتوں کی منظوری سے ہوگا جن میں سرفہرست وزارت تجارت وسرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین کے حصول کے لئے پہلی شرط یہ ہے کہ گرین کارڈ اس شخص کو دیا جائے گا جو کسی نادر شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے والا ہو۔ دوسری شرط یہ ہے کہ وہ نہایت دقیق اور پیچیدہ علوم کا ماہر ہو۔تیسری شرط یہ ہے کہ وہ کسی ایسے شعبے میں مہارت رکھتاہو جس کی ملک کو ضرورت ہو۔ گرین کارڈ کی چوتھی شرط یہ ہے کہ اس کے پاس علمی اور عملی تجاویز ہوں جو ملک کے لئے مفید ہوں۔ پانچویں شرط یہ ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے لئے غیر معمولی مالی استطاعت رکھتا ہو۔ وہ طویل عرصے کے لئے ملک میں مفید سرمایہ کاری کرسکتاہو۔ سرمایہ کاری کے ذریعہ ملک کو منافع پہنچاسکتا ہو۔ وہ سعودی شہریوں کی بڑی تعداد کو مناسب روزگار فراہم کرسکتا ہو۔ وہ ملک کے اقتصاد کے لئے نافع اور فائدہ مند ہو۔ ڈاکٹر فہد نے کہا کہ گرین کارڈ چند غیر ملکی ہی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گرین کارڈ کے حصول کے لئے چند لوگ ہی درخواستیں دیں گے۔